ہماچل: سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر ویربھدر سنگھ کا انتقال، کورونا کو دے چکے تھے مات

ہماچل پردیش کے 6 مرتبہ وزیر اعلیٰ رہے ویربھدر سنگھ 87 سال کے تھے اور انہوں نے اندرا گاندھی میڈیکل کالج اور اسپتال، شملہ میں آخری سانس لی

شملہ: ہماچل پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے قدآور لیڈر ویربھدر سنگھ کا طویل علالت کے بعد جمعرات کو علی الصبح انتقال ہو گیا۔ ہماچل پردیش کے 6 مرتبہ وزیر اعلیٰ رہے ویربھدر سنگھ 87 سال کے تھے اور انہوں نے اندرا گاندھی میڈیکل کالج اور اسپتال، شملہ میں آخری سانس لی۔ اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جنک راج نے ویربھدر سنگھ کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔

 

ڈاکٹر جنک راج نے بتایا ’’سابق وزیر اعلیٰ ویربھدر جی کا یہاں اندرا گاندھی میڈیکل کالج اسپتال میں علی صبح تقریباً 4 بجے ایک سے زیادہ اعضا کے ناکام ہونے کے سبب انتقال ہو گیا۔‘‘ ویربھدر سنگھ اس سے قبل کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے تھے اور انہیں 13 اپریل کو میکس اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ویربھدر سنگھ نے کورونا کو دو مرتبہ مات دی تھی لیکن اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد ان کی طبیعت اچانک پھر سے بگڑ گئی اور انہیں آئی جی ایم سی میں کچھ دن قبل داخل کرایا گیا۔ وہ گزشتہ دو دنوں سے وینٹی لیٹر پر تھے اور ان کی حالت لگاتار بگڑتی جا رہی تھی۔

ویربھدر سنگھ 12 اپریل اور 11 جون کو دو مرتبہ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی طبیعت اکثر ناساز رہنے لگی تھی۔ وہ 9 مرتبہ رکن اسمبلی اور ایک مرتبہ رکن پارلیمنٹ بھی منتخب کئے جا چکے تھے۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ پرتبھا سنگھ، بیٹے وکرمادتیہ سنگھ (جوکہ شملہ دیہات سے رکن اسمبلی) اور بیٹی اپراجیتا سنگھ شامل ہیں۔

 

You May Also Like

Notify me when new comments are added.

ہندوستان

عالمی خبریں

کھیل

فلمی دنیا