متعصب میڈیا کے خلاف داخل جمعیۃ کی اہم پٹیشن پر حتمی بحث ماہ ستمبر میں

ہم اظہاررائے کی آزادی کے نہیں شرانگیزی اورمنفی رپورٹنگ کے خلاف ہیں:مولااناارشدمدنی

نئی دہلی، 16 جولائی ۔ کوروناوائرس کو مرکز نظام الدین سے جوڑ کر تبلیغی جماعت سے وابستہ لوگوں اور بالخصوص مسلمانوں کی شبیہ کو داغدار کرنے اور ہندوؤں اورمسلمانوں کے درمیان منافرت پھیلانے کی سازش کرنے والے ٹی وی چینلوں اور پرنٹ میڈیاکے خلاف دائرعرضی پر سپریم کورٹ میں حتمی بحث ستمبرمیں ہوگی۔ یہ اطلاع جمعیۃ کی جاری کردہ ریلیز میں دی گئی ہے۔ ریلیز کے مطابق مولانا سید ارشدمدنی صدرجمعیۃ علماء ہند کی ہدایت پر سپریم کورٹ میں داخل پٹیشن پر گذشتہ کئی ما ہ سے سماعت نہیں ہورہی تھی، پٹیشن پر جلداز جلد سماعت ہونے کے لیئے سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی جس پر جسٹس ایل ناگیشوراراؤاور جسٹس انریدھ بوس نے اس معاملے کی حتمی بحث ماہ ستمبر میں کیئے جانے کا حکم دیا۔ جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ اعجاز مقبول نے عدالت سے جلد از جلد سماعت کیئے جانے کی درخواست کی تھی۔آج سپریم کورٹ کے آرڈرکے بعد صدرجمعیۃعلماء ہند مولانا سید ارشدمدنی نے بے لگام میڈیا پر شکنجہ کسنے کے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ متعصب میڈیا پر لگام کسنے کی ہماری قانونی جدوجہد مثبت نتیجہ آنے تک جاری رہے گی، ہماراشروع سے یہ اصول رہا ہے کہ اگر کوئی مسئلہ باہمی گفت وشنیدسے حل نہیں ہوتاتوسٹرکوں پر اترنے کے بجائے ہم اپنے آئینی حق کا استعمال کرتے ہوئے عدالت جاتے ہیں اورہمیں وہاں سے انصاف بھی ملتاہے،لیکن افسوس جب فرقہ پرست میڈیا نے اپنی فرقہ وارانہ رپورٹنگ کی روش ترک نہیں کی توہمیں عدالت کا رخ کرنے پرمجبورہونا پڑا۔ مولانا مدنی نے میڈیا کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ آئین نے ملک کے ہر شہری کو اظہاررائے کی مکمل آزادی دی ہے، ہم کلی طورپر اس سے اتفاق کرتے ہیں لیکن اگر اظہاررائے کی اس آزادی سے دانستہ کسی کی بھی دلآزاری کی جاتی ہے، کسی فرقہ یاقوم کی کردارکشی کی کوشش ہوتی ہے یا اس کے ذریعہ اشتعال انگیزی پھیلائی جاتی ہے تو ہم اس کے سخت خلاف ہیں، آزادی اظہاررائے کی آئین میں مکمل وضاحت موجودہے،لیکن اس کے باوجودمیڈیا کا ایک بڑاحلقہ اقلیتوں اورکمزورطبقات کے معاملہ میں جج بن جاتاہے اور انہیں مجرم بناکر پیش کرنا ایک عام سی بات ہوگئی جیساکہ ماضی میں تبلیغی جماعت کو لیکر اسی طرح کا رویہ اختیارکیا گیا تھا،لیکن افسوس جب بعد میں عدالت انہیں بے قصورقراردیتی ہیں تو اسی میڈیا کو سانپ سونگھ جاتاہے۔میڈیا کایہ دوہرارویہ ملک اوراقلیتوں کے لئے انتہائی تشویشناک ہے۔مولانا مدنی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا آزادی اظہاررائے کے نام پر آئین کی دھجیاں اڑانے والے اور یکطرفہ رپورٹنگ کرنے والے ملک کے وفادارہوسکتے ہیں؟۔واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہندکی جانب سے داخل پٹیشن پر جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظی مدعی بنے ہیں جس پر ابتک متعدد سماعتیں ہوچکی ہیں لیکن گذشتہ چند ماہ سے کورونا کی وجہ سے سماعت نہیں ہوسکی تھی اور اسی دوران سابق چیف جسٹس آف انڈیا مسٹر بوبڈے سبکدوش ہوگئے۔ اب جبکہ حالات میں سدھار ہورہا ہے اور چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا نے اپنا چارج لے لیا ہے، عدالت سے جلد از جلد سماعت کی درخواست کی گئی تھی۔جس کو سپریم کورٹ نے منظورکرتے ہوئے ستمبر میں بحث کا حتمی وقت دیا ہے۔ تبلیغی جماعت اور مسلمانوں کوبد نام کرنے کے خلاف جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے سپریم کورٹ آف انڈیا پٹیشن داخل کرنے کے بعد اور صارفین کی شکایت پر نیوز براڈ کاسٹنگ اسٹینڈرڈ اتھاریٹی (NBSA) نے تین چینلوں ٹائمس ناؤ، ٹی وی 18اورسوارنا نیوز چینل پر ایک لاکھ کا جرمانہ عائد کیا تھاجبکہ زی نیوز، آج تک اور دیگر چینلوں نے معافی مانگی تھی۔

You May Also Like

Notify me when new comments are added.

ہندوستان

عالمی خبریں

کھیل

فلمی دنیا