اروند کجریوال کا اتراکھنڈ کے کسانوں کو مفت بجلی فراہمی کا اعلان

بی جے پی-کانگریس کے درمیان عوام پس رہے ہیں، دونوں پارٹیوں نےآپس میں سیٹنگ کر رکھی ہے، ایک سال تم، ایک سال ہم

دہرادون، 11 جولائی۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوار کے روز کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور کانگریس دونوں اس چکی کی طرح ہیں جن کے دو پاٹوں کے بیچ یہاں کے عوام پس رہے ہیں۔ مسٹر کیجریوال نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ اتراکھنڈ کے عوام اچھے، محنتی اور ایماندار ہیں لیکن یہاں کے رہنماؤں اور پارٹیوں نے انھیں برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ انہوں نے کہا کہ آج اتراکھنڈ میں دو پارٹیاں ہیں۔ جن کے بیچ چکی کے دو پاٹوں کی طرح اتراکھنڈ کے عوام پس رہے ہیں۔مسٹر کیجریوال نے الزام عائد کیا کہ دونوں پارٹیوں نے باہم سیٹنگ کر رکھی ہے۔ ایک سال تم، ایک سال ہم۔ بی جے پی کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ برسراقتدار پارٹی کے پاس وزیراعلیٰ ہی نہیں ہے۔ پہلی بار ایسا ہوا جب کوئی پارٹی اپنے ہی وزیراعلیٰ کو بے کار کہہ رہی ہے۔ وہیں کانگریس ایک مہینے سے اپوزیشن لیڈر ہی نہیں منتخب کر پا رہی ہے۔ ان پارٹیوں کوعوام کی ترقی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ عوام کی آمدنی بڑھ نہیں رہی، خرچے بڑھتے جا رہے ہیں۔ آئندہ برس اتراکھنڈ الیکشن کے پیش نظر انہوں نے کہا،’میں بجلی کے شعبے کی چار باتوں کی گارنٹی دے کر جا رہا ہوں۔ پہلی، دہلی کی طرح اتراکھنڈ میں ہر خاندان کو 300 یونٹ بجلی فری دوں گا۔ دہلی میں 200 یونٹ فری ہے۔ دوسری ہمارے کارکنان گھر گھر جا رہے ہیں۔ تمام ایسے بجلی بل دیکھنے کو ملے جو غلط بھیجے جا رہے ہیں۔ عوام چکر کاٹ رہے ہیں لہٰذا پرانے بل معاف کیے جائیں گے۔ تیسری کوئی پاور کٹ نہیں لگے گا۔ اتراکھنڈ میں 24 گھنٹے بجلی دیں گے۔ دہلی میں جب میں وزیراعلیٰ بنا تھا‘ اس دوران گرمیوں میں آٹھ گھنٹے پاور کٹ ہوتا تھا۔ ہم نے گھر گھر جا کر کام کروایا۔ آج دہلی میں 24 گھنٹے بجلی ہے۔ چھوتھی، اتراکھنڈ کے کسانوں کو مفت بجلی دی جائے گی۔ آج کسان غریب ہے۔ اگر اسے یہ فائدہ دیں گے تو ان کی زندگی آسان ہوگی‘۔ مسٹر کیجریوال نے وعدہ کیا کہ اے اے پی کی حکومت بننے کے بعد پہلی قلم سے چار اعلانات نافذ کر دی جائیں گی۔ محض 24 گھنٹے بجلی دینے کے معاملے میں تین سے چار سال کا وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا،’میں سمجھتا ہوں کہ آج کے اس اعلان کے بعد یہاں لوگ خوش ہوں گے‘۔اتراکھنڈ حکومت کے خسارے میں چلنے کی بابت پوچھے جانے پر انہوں نے کہا،’جب دہلی میں ہماری سرکار بنی تھی تو وہ بھی خسارے میں تھی۔ آج ملک میں محض دہلی کی حکومت منافع میں ہے‘۔مسٹر کیجریوال نے کہا کہ اتراکھنڈ کے ہر خاندان سے کوئی نہ کوئی دہلی میں رہتا ہے۔ جو کام 70 سال میں تمام پارٹیاں نہیں کر پائیں، وہ آج دہلی میں ہو رہا ہے۔ اسی طرح کی ترقی یہاں اتراکھنڈ میں بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا،’میں اتراکھنڈ کے عوام کو بھروسہ دلانا چاہوں گا کہ جو کام دہلی میں کیے، وہ تو کریں گے ہی، اس کے علاوہ اور کام بھی کریں گے۔ کیجریوال جو کہتا ہے، وہ کرتا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی پھر اتراکھنڈ آئیں گے اور آپ کے سامنے یہاں کے وزیراعلیٰ کے عہدے کے دعویدار کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا،’آج ہمارے ملک میں دو طرح کی تعلیم ہے۔ ایک غریب کی اور ایک پیسے والے کی۔ یہ مسئلہ میرے دل کے قریب ہے۔ ہم نے دہلی میں سرکاری اسکول ایسے کر دیے کہ بڑے بڑے گھر کے لوگ بھی سرکاری اسکولوں میں بچوں کا داخلہ کروا رہے ہیں‘۔قبل ازیں صبح مسٹر کیجریوال کے ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد اے اے پی کے ریاستی صدر ایس ایس کلیر اور کرنل (سینی) اجے کوٹھیال کی قیادت میں کارکنان نے زبردست خیرمقدم کیا۔

You May Also Like

Notify me when new comments are added.

ہندوستان

عالمی خبریں

کھیل

فلمی دنیا