رام مندر کی تعمیرکیلئے عطیہ جمع کرنے کی مہم ملک بھر میں شروع

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے 5 لاکھ 100 روپے کا عطیہ دیا

نئی دہلی:15؍جنوری۔آج صبح سے ہی رام مندر تعمیر کے لیے فنڈ جمع کرنے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور پہلے ہی دن کروڑوں روپے کا چندہ اکٹھا ہو گیا ہے۔ پہلے دن صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے جب 5 لاکھ 100 روپے کا چندہ دیا، تو یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح چاروں طرف پھیل گئی، اور پھر مشہور و معروف لوگوں کے ذریعہ بڑھ چڑھ کر چندہ دینے کا سلسلہ آگے بڑھنے لگا۔ اب تک موصول ہو رہی خبروں کے مطابق سب سے بڑا چندہ احمد آباد کے ہیرا کاروباری گووند بھائی ڈھولکیا نے دیا ہے، اور ان کے ذریعہ دی گئی رقم ہے 11 کروڑ روپے۔میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق گووند بھائی ڈھولکیا گجرات کے ایک ہیرا کاروباری ہیں اور وہ ڈائمنڈ کمپنی شری رام کرشن ایکسپورٹس کے بانی ہیں۔ ڈائمنڈ کے شعبہ میں ان کی کمپنی جانا پہچانا نام ہے۔ احمد آباد مرر کی ایک رپورٹ کے مطابق ڈھولکیا گجرات میں رام مندر تعمیر کے لیے چندہ اکٹھا کرنے کے لیے چل رہی مہم کے سربراہ ہیں اور ان کی قیادت میں ہی ریاست میں پہلے مرحلہ میں صنعت کاروں اور امیر لوگوں سے چندہ اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ گووند بھائی ڈھولکیا طویل مدت سے آر ایس ایس سے بھی جڑے ہوئے ہیں اور 11 کروڑ روپے کا چندہ دے کر انھوں نے لوگوں کو ترغیب دی ہے کہ رام مندر تعمیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور گووند بھائی ڈھولکیا کے علاوہ کچھ دیگر اہم نام بھی میڈیا میں سامنے آئے ہیں جنھوں نے رام مندر تعمیر کے لیے چندہ کی شکل میں بڑی رقم دی ہے۔ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے جہاں ایک لاکھ روپے کا تعاون پیش کیا ہے، وہیں اتر پردیش کے رائے بریلی واقع تیج گاؤں سے تعلق رکھنے والے سابق رکن اسمبلی سریندر بہادر سنگھ نے 1 کروڑ 11 لاکھ روپے کا چندہ دیا ہے ۔ واضح رہے کہ رام مندر تعمیر کے لیے فنڈ جمع کرنے کے لیے وی ایچ پی اور رام مندر ٹرسٹ کے ذریعہ مشترکہ طور پر مہم چلائی جا رہی ہے۔ یہ مہم 27 فروری تک چلے گی۔ وی ایچ پی اور رام مندر ٹرسٹ کا منصوبہ ہے کہ وہ 5 لاکھ سے زیادہ گاؤں تک پہنچیں گے جس میں 13 کروڑ کنبہ سے مالی تعاون لیا جائے گا۔ مجموعی طور پر 65 کروڑ لوگوں تک پہنچنے اور ان سے خواہش کے مطابق فنڈ حاصل کرنے کی تیاری وی ایچ پی کارکنان نے کی ہے۔ کم از کم تعاون کی رقم 10 روپے متعین کی گئی ہے، اور اس سے زیادہ لوگ جتنا چاہیں دے سکتے ہیں۔ 2000 روپے سے زیادہ تعاون کرنے پر انکم ٹیکس چھوٹ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔

You May Also Like

Notify me when new comments are added.

ہندوستان

عالمی خبریں

کھیل

فلمی دنیا